مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ریفائنری اس لیے بند ہوئی کیوں کہ بجلی گھر ریفائنری سے فرنس آئل نہیں خرید رہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ایس او نے پانچ ماہ میں چھ لاکھ ٹن فرنس آئل درآمد کیا، ابھی بھی ایک جہاز فرنس آئل بندرگاہ کے باہر موجود ہے۔
(ن) لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی مشہور زمانہ قابلیت سمجھ سے بالاتر ہے۔
واضح رہے کہ بجلی گھروں کے فرنس آئل کی خریداری روکنے کے باعث آئل اسٹوریج بھر گئے تھے، 75 لاکھ لیٹر یومیہ پیداواری صلاحیت والی پاکستان ریفائنری بند کرنا پڑگئی تھی۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق ریفائنری مزید چلاتے تو تیل ضائع کرنا پڑتا، اس حوالے سے حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا۔
پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے بھی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو خط لکھ کر آپریشن بند کرنے سے آگاہ کردیا تھا۔