راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا رواں مالی سال کا بجٹ تاحال ہائر اتھارٹی کی منظوری کے بغیر پڑا ہوا ہے جبکہ اگلے مالی سال 2016-17ء کیلئے 2ارب 30کروڑ روپے سے زیادہ کا مجوزہ بجٹ تیار کر لیا گیا ہے جس کی بورڈ سے منظوری 31مئی تک متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے صرف 13کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 485ملین روپے رکھے گئے تھے جنہیں بعد میں کٹ لگا کر 380ملین روپے کر دیا گیا تھا۔ بعض ذرائع کینٹ کے ترقیاتی کاموں کیلئے اڑھائی ارب میں سے صرف 13کروڑ روپے بجٹ میں مختص کئے جانے پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔ کینٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ صفائی، پانی کی فراہمی سمیت دیگر اخراجات سے جو رقم بچے گی وہی ترقیاتی کاموں پر خرچ ہو سکے گی۔ ادہر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی آج 19مئی کو ہونیوالی بورڈ میٹنگ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔