• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں نالوں پر قائم گھروں اور دکانوں کو ہٹانا چاہیے، سعید غنی


وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں نالوں پر قائم گھروں اور دکانوں کو ہٹانا چاہیے اور متاثرین کو متبادل دینا چاہیے۔

شیر شاہ میں ہونے والے دھما کے کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں نالوں پر عمارتوں کا بننا کسی صورت جائز نہیں، نالوں پر تعمیرات کے اصل ذمے دار تعمیرات کی اجازت دینے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی میں کہہ چکے ہیں کہ نالوں پر قائم گھر ریگولرائز نہیں ہوں گے، جن لوگوں نے نالوں پر تعمیرات کروائی ہیں وہ سعید غنی ہوں یا مصطفیٰ کمال، سب کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

سعید غنی نے کہا کہ جس جگہ نجی بینک قائم تھا وہ عمارت سائٹ ایسویسی ایشن نے بناکر کرائے پر دی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پراچہ چوک کے قریب گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے میں 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیرخان کے والد بھی شامل ہیں۔

دھماکے سے نالے کے اوپر قائم نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی، کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا،بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا سیوریج لائن میں گیس کے اخراج سے ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبہ ہٹائے جانے کی کارروائی کے دوران نالے میں ایک اور دھماکا ہوا ہے جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

تازہ ترین