• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1202 دن،28 ہزار 848 گھنٹے، 17لاکھ 30ہزار 880 منٹ،10کروڑ 38لاکھ 52 ہزار 8 سو سیکنڈوں میں مسلط کدہ کے مکینوں کی لمبی زبانوں سے 20کروڑ 73 لاکھ 5ہزار 6سو ایسے چھپر پھاڑ جھوٹ نکلے ہیں کہ سفید جھوٹ بھی شرما کر گوشہ نشین ہوگیا ہے، ایک جعلی بیان کی سیاہی ابھی خشک نہیں ہوتی کہ دوسرے عظیم المر تبت جھوٹے بیان کے بعد ضد کرتے ہیں کہ یہی صحیفہ ہے اسے سچ مانو،وہ وقت دور نہیں جب انہیں جبلِ فراڈ کا ایوارڈ دیا جائیگا۔ عوام مصائب کے بھنور میں اتنی بری طرح سے پھنس چکے کہ دو وقت پیٹ بھرنے کیلئے ایمان اور عزت دونوں دائو پر لگانے پڑرہے ہیں،کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب بھوک مٹانے کیلئے حوا کی اولاد عزت سے محروم ہونے پر مجبور نہیں ہورہی، یقین کامل ہے کہ ان مسلط زادوں میں ضمیر نام کی کوئی شے نہیں، ایک طرف دور آشوب میں توبہ استغفار کی بجائے کورونا فنڈ میں سے 40ارب روپے اڑا لئے گئے تو دوسری طرف ذرائع ابلاغ سے کرپشن کے خلاف بھاشن جاری ہے۔غضب خدا کا مہنگے پٹرول سے عوام کے ارمان جل کر راکھ ہوگئے لیکن کہتے ہیں کہاں ہے مہنگائی،ڈالر 71 فیصد،قرضے 80فیصد،آٹا، کھاد سو فیصد،گھی 112 فیصد،چینی 127فیصد، بجلی کایونٹ 162 فیصد، سونا 180فیصد بڑھ گیا،سٹاک مارکیٹ کریش ہوگئی،کاروباری حلقوں کے دلوں پر چھریاں چل رہی ہیں لیکن یہاں چین کی بانسری بجائی جا رہی ہے۔ سفید پوشوں کی ایسی واٹ لگائی گئی کہ وہ پہلے آٹے کی پھر چینی کی لائنوں میں خوار ہوئے، اسکے بعد پٹرول کے حصول کیلئے در بدر ہوئے، ان پر اب بجلی بم چل چکا ہے،ظالموں نے تو کسانوں کو بھی نہیں چھوڑا، ڈیزل کی قیمتیں آسمان پر چڑھا کر کھاد ہی انکی پہنچ سے دور کردی، اوپر سے جہلم سے لیکر پنڈی تک کے تمام بھونپو یہ راگ الاپتے پائے جارہے ہیں کہ یہ سب نواز شریف کا کیا دھرا ہے۔ 2 کروڑ لوگوں کے کاروبار بند اور کئی کروڑ بے روزگار کر نے والے گانے چلوا رہے ہیں کہ اچھے دن آئے ہیں،فرماتے ہیں کہ پاکستان سے سستا کوئی ملک نہیں ہے، ذرا کسی روز بغیر سیکورٹی حصار باہر نکل کر تو دیکھیں عوام کیا حال کرتےہیں آپ کا اور آپکی مقبولیت کا۔ بیگانے تخت پر سوار ہوکر روز اول سے ایک ہی گردان کا ریکارڈ بج رہا ہے،میں یہ میں وہ، میں فلاں فلاں کرتا رہا ہوں، میرے سے زیادہ بڑا ماہر معیشت کوئی نہیں، میرے سے زیادہ کوئی ہار کو نہیں سمجھتا،فلاں چیز کو تو میں ایسا ٹھیک کروں گا کہ آپ یاد رکھیں گے۔میں میں کی گردان سے تنگ عوام کی چیخیں آسمان تک پہنچنا شروع ہوگئی ہیں،وہ دن زیادہ دور نہیں جب مقامی اور عام انتخابات میں تمام جھوٹے وعدے، تمام وعدہ خلافیاں، تمام لارے سود سمیت جھوٹوں کے منہ پر مار دیئے جائیں گے۔12روپے کی روٹی اور 20روپے کا نان خریدنے والے عوام اب چھٹکارے کے ساتھ ساتھ بددعائیں دینے پر آگئے ہیں۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین