اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدروسینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے،عمران خان قرضے لے کر الزام دوسروں پرلگارہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم اپنی 3 سال کی تباہ کاریوں کا الزام بھٹو اور شریف خاندان پر لگا رہے ہیں۔ اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے۔ آپ نے ملک کے مجمو عی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا ہے۔3 سال میں 20.7 ٹریلین روپے کے قرضے لیکر آپ دوسروں پر الزام ڈال رہے۔ ہفتہ وار رپورٹ میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.49 فیصد ہو گئی ۔ کیا 3 سال میں ریکارڈ قرضے، مہنگائی، بیروزگاری اور بحرانوں کے ذمہ دار بھی موجودہ حکومت نہیں کوئی اور ہے؟ حکومت کب اپنی ذمہ داریاں قبول کرے گی؟ شاید ان کو ابھی تک احساس نہیں ہوا کہ یہ حکومت میں ہیں۔