• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات: تحصیل کونسلز کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری


خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی، جہاں 66 تحصیلوں میں ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

تحصیل کونسل ہنگو:

تحصیل کونسل ہنگو کے 12 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار عامر غنی 1759 ووٹ لے کر چیئرمین کی نشست پر آگے ہیں، جبکہ جے یو آئی ف کے محمد قاسم 1450 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

تحصیل کونسل نوشہرہ: 

تحصیل کونسل نوشہرہ کے غیر حتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق  اے این پی کے میاں بابر شاہ کاکا خیل ایک پولنگ اسٹیشن میں 84 ووٹ لے کر چیئرمین کی نشست پر آگے، جبکہ پی ٹی آئی کے محمد اسحاق خان خٹک 41 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

تحصیل کونسل نواگئی باجوڑ:

ضلع باجوڑ کی تحصیل نواگئی میں 138 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار نجیب اللّٰہ خان 16 ہزار 752 ووٹوں کے ساتھ پہلے اور پی ٹی آئی کے ڈاکٹر خلیل الرحمان 15 ہزار 893 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

تحصیل کونسل رزڑ صوابی:

صوابی کی تحصیل کونسل رزڑ کے  غیر حتمی غیر  سرکاری نتیجے کے مطابق اے این پی کے غلام حقانی 22743 ووٹ لے کر چیئرمین تحصیل کونسل رزڑ کی نشست پر کامیاب، جبکہ دوسرے نمبر پر تحریک انصاف کے بلند اقبال کو 13023 ووٹ ملے ہیں۔

تحصیل کونسل چھوٹا لاہور صوابی:

صوابی کی تحصیل کونسل چھوٹا لاہور کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق ن لیگ کے عادل خان ایک پولنگ اسٹیشن میں 158 ووٹ لے کر چیئرمین کی نشست پر آگے  ہیں، تحریک انصاف کے سہیل خان 113 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

تحصیل کونسل وزیر: 

تحصیل کونسل وزیر کے غیر سرکاری  غیر حتمی نتیجے کے مطابق جے یو آئی ف کے ملک مستو خان ایک پولنگ اسٹیشن میں 55 ووٹ لے کر چیئرمین کی نشست پر آگے ہیں، جبکہ  آزاد امیدوار بخت اللّٰہ 6 ووٹ لے کر  دوسرے نمبر پر ہیں۔

تحصیل کونسل لوئر مہمند:

ضلع مہمند کی تحصیل لوئر مہمند میں 41 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے نوید مہمند 3 ہزار 671 ووٹوں کے ساتھ پہلے اور جے یو آئی کے حافظ رشید احمد 3 ہزار 274 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

تحصیل نیبرہوڈ 3 اکوڑہ خٹک :

تحصیل جہانگیرہ کی نیبرہوڈ 3 اکوڑہ خٹک3 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق نیبرہوڈ 3 اکوڑہ خٹک3 میں آزاد امیدوار محمد نواز چیئرمین منتخب ہوگئے۔

تحصیل ہنگو کی نیبرہوڈ 2 گل باغ:

تحصیل ہنگو کی نیبرہوڈ 2 گل باغ کے  غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق نیبر ہوڈ 2 گل باغ میں آزاد امیدوار محمد عارف چیئرمین منتخب ہوگئے۔

تحصیل تھل کی نیبرہوڈ کونسل3 :

ہنگو کی تحصیل تھل کی نیبرہوڈ کونسل 3 زینڈر خیل کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق نیبر ہوڈ کونسل 3 زینڈر خیل میں جے یو آئی ف کے ضیاء الدین چیئرمین منتخب ہوگئے۔

شبلی فراز پر نامعلوم افراد کا حملہ

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر درہ خیل کے مقام پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔

حملے میں وفاقی وزیر شبلی فراز محفوظ رہے جبکہ اُن کے گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اپنے آبائی علاقے کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے اُن کی گاڑی پر حملہ کردیا۔

پیپلز پارٹی کی الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت بھیج دی۔

پیپلز پارٹی نے اپنی شکایت میں لکھا ہے کہ پشاور کے تقریباً 22 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 سے پی ٹی آئی امیدوار کے نتائج غائب ہیں اور اس فارم کا صرف پہلا صفحہ جاری کیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ حکمت عملی کے ساتھ پی ٹی آئی کے امیدوار کو مجموعی ووٹوں کی گنتی میں فائدہ پہنچانے کے لیے فارم 45 کے دوسرے صفحے پر لکھا جائے گا۔

پی پی نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ کے پی بلدیاتی الیکشن میں متعلقہ عملے کو پی ٹی آئی امیدوار کے نام کے ساتھ فارم 45 جاری کرنے کی ہدایت کی جائے۔

خیبر پختون خوا بلدیاتی الیکشن، مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق

خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہوگئے، خود کش دھماکے، فائرنگ اور راکٹ چلنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔

باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ہوئے خود کش دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہوئے، ادھر کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں پولنگ اسٹیشن کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں تحریک انصاف کے ایم این اے شاہد خٹک کا چچا زاد بھائی اور گن مین شامل ہیں، واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔

ضلع خیبر بلدیاتی الیکشن کے دوران میدان جنگ بن گیا، راکٹ چل گئے، شدید فائرنگ بھی کی گئی۔

ادھر لکی مروت کی تحصیل ملتانی منی جوالہ میں خواتین پولنگ اسٹیشن کے باہر 2 گروپوں میں فائرنگ ہوئی، تاہم ڈی پی او شہزادہ عمر ریاض نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا، اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

زخہ خیل اور لنڈی کوتل میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کیے، پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ بکس ٹوٹ گئے، الیکشن میٹریل کو بھی نقصان ہوا۔

بھگڈر اور بدنظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل بند ہوگیا اور حالات کشیدہ ہوگئے۔

لنڈی کوتل بازار کے ملک نادر شاہ کلے اسکول پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد گھس گئے، بیلٹ باکس توڑ دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میربازی کے پولنگ اسٹیشن کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

مہمند کے شہید بانڈا پولنگ اسٹیشن کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ویلج کونسل کے جنرل کونسلر کے امیدوار زخمی ہوگئے۔

ٹانک کے نواحی علاقہ ملازئی میں پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی پارٹیوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا، ضلعی انتظامیہ نے پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کروایا۔

کوہاٹ کے سنگڑھ گرلز پرائمری اسکول پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کی شکایت پر تحصیل مئیر کے امیدوار نے پولنگ رکوا دی، تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون پریزائیڈنگ افسر کو کام سے روک کر چارج ڈپٹی پریزائڈنگ افسر کے حوالے کردیا۔

بونیر کی تحصیل چغرزئی میں بے نظمی کے باعث خواتین پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روکا گیا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔

باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ کمرسر میں خودکش دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے، وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کے لیے 5، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 2، 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

کوہاٹ: ہنگامہ آرائی، بیلٹ پیپرز نذر آتش

کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل میں بلدیاتی الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔

درہ آدم خیل اور جواکی میں مشتعل افراد نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا۔

مشتعل افراد بیلٹ باکس اپنے ساتھ لے گئے اور بیلٹ پیپرز کو آگ لگادی۔

ڈی آئی خان میں کونسل میئر شپ کی نشست پر الیکشن ملتوی

ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل مئیر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کردیاگیا۔

2 ہزار سے زائد امیدوار بلامقابلہ منتخب

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

جنرل نشستوں پر 217، خواتین نشستوں پر 876، کسان کی نشستوں پر 285 اور یوتھ نشستوں پر 500 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔

جمرود: خواتین کی پولنگ روک دی گئی

ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے گورنمنٹ خان مست کلی سفیر آباد میں قائم خواتین پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی۔

جمرود کے گورنمنٹ خان مست کلی سفیر آباد میں قائم خواتین پولنگ اسٹیشن پر مبینہ دھاندلی کے الزامات اور بد مزگی کی بنا پر پولنگ روکی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین اور پولیس کی بھاری نفری صورتِ حال کو قابو میں کرنے کے لیے پہنچ گئی۔

تازہ ترین