• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جنوبی ایشیا میں اقتصادی استحکام لائے گا،پرویز خٹک

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خطے کی تجارت، ترقی اور سیاست پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور یہ منصوبہ جنوبی ایشیا کے خطے میں اقتصادی روابط کے استحکام میں اہم کرادار ادا کرے گا۔ وہ پشاور میں پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں ایک سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔سیمینار کا اہتمام امریکہ پاکستان سنٹر فار ایڈوانس سٹیڈیز ان انرجی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے کیا تھا۔ سیمینار میں وائس چانسلریونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر افتخار حسین، وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی برائے خواتین ڈاکٹر رضیہ سلطانہ ، اساتذہ، محققین اور طلباء نے شرکت کی۔ سمینار سے سینیٹر عثمان سیف اﷲ، ڈاکٹر محمد بلال خان، ڈاکٹر نجیب اﷲ اور عباس خان نے خطاب کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم اور عملی تحقیق کے فروغ میں دلچسپی لے رہی ہے تا کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 52فیصد آبادی 30سال سے کم عمر کے جوانوں پر مشتمل ہے جن کو ہنر مند بنا کر ملک کی قسمت کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کو بہت اہمیت کی نظر سے دیکھتی ہے اور اس کے ذریعہ ایشیا، یورپ اور دوسرے ممالک سے منسلک ہونا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ قومی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے اور اس کے ثمرات پورے ملک اور تمام علاقوں کو ملنے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کا مقصد ہی پاکستان کے تجارتی و مواصلاتی ذرائع کی عالمی معیار تک ترقی اور اقتصادی تعاون کے مواقع فراہم کرنا ہے اور اس سے توانائی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو ایک روٹ تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ تمام راستوں کی ترقی پر یکساں توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے راہداری منصوبے کے امور کو افشا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ بہتری کیلئے تدابیر اختیار کی جا سکیں اور قرضوں کی ادائیگی آسان ہو۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے سے بہتر انداز میں استفادے کیلئے اجتماعی سوچ اور طریق کار اپنا کے اقتصادی ، سیاسی، ثقافتی اور انسانی وسائل کے شعبوں کی ترقی کو مد نظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے منتظمین کو اقتصادی راہداری سے مستفید ہونے کیلئے باصلاحیت افراد کار کی تیاری کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور ہنر مند نوجوان ہی اس منصوبے سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعلیٰ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں صوبائی حکومت کی کامیابیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت نے مغربی روٹ کی تعمیر، انڈ س ہائی وے کی بہتری ، جھنڈ کوہاٹ سڑک کی تعمیراور پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ریلوے لائن بچھانے پر اتفاق کیا ہے انہوںنے کہاکہ اسی طرح ہر صوبے میں ایک ایک صنعتی پارک تما م سہولیات کے ساتھ راہداری منصوبے کے تحت قائم کیا جائے گا۔
تازہ ترین