ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی آسٹریلیا نے مہمان انگلینڈ کو شکست دے دی، فاتح ٹیم کے مانس لبوشین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 468 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم انگلینڈ کی ٹیم 192 رنز تک محدود رہی اور یوں میزبان ٹیم نے دوسرا ٹیسٹ میچ 275 رنز جیت لیا۔
میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا نے اپنی اننگز 9 کھلاڑی آؤٹ پر 473 رنز پر ڈیکلئیر کردی تھی، اس اننگز میں مانس لبوشین نے 103 رنز بنائے تھے اور ڈیوڈ وارنر نے 95 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔مہمان ٹیم کی جانب سے بین اسٹوکس نے 3 اور جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انگلینڈ اپنی پہلی اننگز میں236 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، انگلش ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ ملان 80 اور کپتان جو روٹ 62 رنز بناسکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے میچل اسٹارک نے 4 اور نیتھن لیون نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز کا کھیل شروع کرنے سے قبل میزبان ٹیم کو 237 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی، آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز بھی 9 کھلاڑی آؤٹ پر 230 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 468 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے مانس لبوشین اور ٹریوس ہیڈ نے 51،51 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلش ٹیم کی طرف سے جو روٹ اور ڈیوڈ ملان نے آسٹریلیا کے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں 192 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کرس ووکس 44 اور روری جوزف 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیئے رچرڈسن نے 5 اور میچل اسٹارک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔