ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 20 رنز کا ہدف دیا تھا جو میزبان ٹیم نے بآسانی 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور یوں مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔
انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 147 رنز بناسکی تھی جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 425 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، انگلش ٹیم نے 278 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 297 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں جوز بٹلر اور اولی پوپ نمایاں کھلاڑی رہے جنہوں نے بالترتیب 39 اور 35 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں کپتان جو روٹ 89 اور ڈیوڈ ملان 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی طرف سے پہلی اننگز میں کپتان پیٹ کمنز نے انگلینڈ کے 5 شکار کیے جبکہ میچل اسٹارک اور جوز ہیزل ووڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسری اننگز میں نیتھن لیون 4 اور کیمروں گرین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میزبان ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں مانس لبوشین 74، ڈیوڈ وارنر 94 اور ٹریوس ہیڈ نے 152 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسری اننگز میں مارکس ہیرس 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایلس کیرے تھے جنہوں نے 9 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں اولی رابنسن اور مارک ووڈ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسری اننگز میں اولی رابنسن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔