پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کے معاملے پر ردعمل دے دیا ہے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ سینٹرل کانٹریکٹ یافتہ ایک کھلاڑی پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پی سی بی حکام کے مطابق فی الحال اس حوالے سے معلومات اکٹھی کررہے ہیں، مکمل حقائق سامنے آنے تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹر پر اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں لڑکی نے ہراسانی اور زیادتی میں معاونت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون نے ایف آئی آر میں الزام لگایا کہ یاسر شاہ کے دوست فرحان نے گن پوائنٹ پر زیادتی کی، ویڈیو بھی بنائی اور ہراساں کیا۔
متاثرہ لڑکی نے متن میں کہا کہ یاسر شاہ اور فرحان نے اسے ویڈیو وائرل کرنے، جان سے مارنے یا مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دی۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ لڑکی نے کہا کہ واٹس ایپ پر یاسر شاہ کو سارے معاملے کا بتایا تو اس نے مذاق اڑایا، ساتھ ہی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا وہ بہت با اثر ہے، اعلیٰ افسران سے دوستی ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع دی تو قومی کرکٹر نے فلیٹ اور 18 سال تک اخراجات اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔