مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اور سینئر رہنما احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان کے خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست پر کیے گئے ٹوئٹ پر طنزیہ ردعمل دیا ہے۔
سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل میں کہا کہ قوم کو مبارک ہو ، عمران نیازی نے خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی شکست کا نوٹس لے لیا ہے۔
دوسری جانب مریم نواز نے اس ٹوئٹ پر مبہم انداز میں ردعمل دیتے ہوئے صرف قہقہوں والی ایموجی کا استعمال کرنے پر اکتفا کیا۔
خیال رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے تسلیم کیا کہ ان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور ان کا خمیازہ بھگتا۔