• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس شخص نے رابطہ کیا، زرداری اُس کا نام بتائیں، دفاعی ذریعہ

اسلام آباد (انصار عباسی) ایک سینئر دفاعی ذریعے نےکہا ہے کہ آصف علی زرداری کو چاہئے کہ وہ اُس شخص کا نام بتائیں جس نے اُن سے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے رابطہ کیا اور مستقبل کے سیٹ اپ کے حوالے سے مدد کی درخواست کی۔ 

دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ذریعے نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہر بار غیر ذمہ دارانہ انداز سے بیانات دیے جاتے ہیں اور ڈیل (اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ) کے اشارے دیے جاتے ہیں، اور یہ بات بد قسمت ہے اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زرداری سچے ہیں تو انہیں چاہئے کہ اُس شخص کا نام بتائیں جس نے اُن سے مدد مانگی۔ ذریعہ اہم عہدے پر فرائض انجام دیتا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی عہدیداروں کو ایسے سیاست دانوں کے ساتھ کسی بھی غیر ضروری بحث میں نہیں پڑنا چاہئے جو بے بنیاد اور عجیب بیانات دیتے ہیں۔ رہنمائوں اور ارکان پارلیمنٹ بالخصوص اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان کے ’’ٹیلی فون کالز وصول کرنے‘‘ کے متعدد مرتبہ عائد کیے گئے الزامات کے حوالے سے ذریعے نے کہا کہ ان معاملات میں بھی سیاست دانوں کو چاہئے کہ وہ اُن افراد کا نام سامنے لائیں جو اُن سے رابطہ کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پر الزام عائد کرکے ملوث افراد کا نام نہ لینے کے عمل کی حوصلہ شکنی کرنا چاہئے اور یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ پیر کو آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ہمیں مستقبل کا سوچنا ہوگا کیونکہ جن لوگوں کے پاس مائنس ون جیسے فارمولے تھے وہ مدد کی درخواست کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا نام نہیں لیا لیکن ان کے حوالوں سے واضح تھا کہ وہ کس کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

 سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان سے مدد مانگی گئی اور فارمولا پوچھا گیا لیکن میں نے ’’انہیں‘‘ بتا دیا ہے کہ پہلے اِس حکومت کو چلتا کریں اور اس کے بعد بات ہوگی۔ زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں 2018ء میں اپنے پہلے خطاب میں کہہ دیا تھا کہ ’’چوں چوں کا مربہ‘‘ حکومت نہیں چلے گی۔ 

انگریزی اخبار کے مطابق، زرداری کا کہنا تھا کہ اب صورتحال ایک ایسے موقع پر آگئی ہے کہ یہ لوگ مجھ سے مدد مانگ ر ہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ میں اُنہیں کوئی فارمولا دوں اور کوئی میکنزم بنائوں۔ میں نے ان سے کہہ دیا ہے کہ پہلے حکومت کو چلتا کریں اور اس کے بعد بات شروع ہوگی۔ ہم پاکستان کا خیال رکھیں گے جیسے پہلے کیا تھا، جب بھی پاکستان کو مشکل پیش آئی، پیپلز پارٹی نے ملک کو بچایا ہے۔

تازہ ترین