• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مقابلے میں ڈاکو ہلاک، پولیس اہلکار زخمی


کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران 1 ڈاکو ہلاک جبکہ پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا، ہلاک ڈاکو ساتھیوں سمیت گھر میں لوٹ مار کے لیے داخل ہوا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے مطابق ماڈل کالونی میں گول گراؤنڈ کے قریب کار سوار 3 ڈاکو لوٹ مار کے لیے 1 گھر میں داخل ہوئے تو سامنے والے گھر کے رہائشی نے 15 پر پولیس کو ڈاکوؤں کی اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کا گھیراؤ کیا اور ملزمان سے مقابلہ کیا، اس دوران ماڈل کالونی تھانے کی نفری بھی پہنچ گئی۔

ڈاکوؤں نے کار میں سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو کار میں گولی لگنے سے زخمی ہو کر دم توڑ گیا جس کے بعد 2 ڈاکو کار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فرحان زخمی ہو گیا جو کہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہے۔

ملزمان ڈکیتی کے دوران نقلی زیورات، 3 لاکھ روپے سے زائد کی رقم، اسلحہ اور کار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

ڈاکوؤں سے ملنے والے 3 میں سے 1 پستول نقلی ہے جبکہ ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

تازہ ترین