• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: گزشتہ روز مقابلے میں زخمی پولیس اہلکار جاں بحق

آج اسپتال میں انتقال کر جانے والے گزشتہ روز پولیس مقابلے میں زخمی ہوئے پولیس اہلکار فرحان کی دورانِ علاج لی گئی تصویر
آج اسپتال میں انتقال کر جانے والے گزشتہ روز پولیس مقابلے میں زخمی ہوئے پولیس اہلکار فرحان کی دورانِ علاج لی گئی تصویر

کراچی کے علاقے ملیر ماڈل کالونی میں گزشتہ روز پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار فرحان آج دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران 1 ڈاکو ہلاک جبکہ پولیس اہلکار فرحان شدید زخمی ہو گیا تھا، ہلاک ڈاکو ساتھیوں سمیت گھر میں لوٹ مار کے لیے داخل ہوا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے مطابق ماڈل کالونی میں گول گراؤنڈ کے قریب کار سوار 3 ڈاکو لوٹ مار کے لیے 1 گھر میں داخل ہوئے تو سامنے والے گھر کے رہائشی نے 15 پر پولیس کو ڈاکوؤں کی اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کا گھیراؤ کیا اور ملزمان سے مقابلہ کیا، اس دوران ماڈل کالونی تھانے کی نفری بھی پہنچ گئی۔

ڈاکوؤں نے کار میں سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو کار میں گولی لگنے سے زخمی ہو کر دم توڑ گیا جس کے بعد 2 ڈاکو کار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فرحان شدید زخمی ہوا تھا جو آئی سی یو میں زیرِ علاج تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج آج چل بسا۔

تازہ ترین