• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کے تعلیم دشمن اقدامات سے آئندہ نسلیں تباہ ہو رہی ہیں، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے تعلیم دشمن اقدامات کی وجہ سے ملک کی آئندہ نسلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ تعلیم کاروبار بن گئی، غریب کا بچہ مزدوری، حکمرانوں کے شہزادے اور شہزادیاں مہنگے ترین تعلیمی اداروں میں جاتے ہیں اور لندن اور امریکا کے لگژری اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں۔ تعلیمی انقلاب لانے کے دعوے دار بتائیں ملک کے تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر کیوں ہیں؟ عام آدمی اپنے بچے کی اسکول کالج کی فیس تک نہیں دے سکتا۔ سرکاری اسکول بنیادی انفراسٹرکچر سے محروم، بچیوں کے اسکولوں میں بیت الخلاء تک نہیں۔ پاکستان میں تعلیمی بجٹ خطے کے تمام ممالک سے کم ہے۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز نہ ہونے کی وجہ سے فیسوں میں اضافہ، طلبہ حقوق کی پامالی، ملک کو نئی قیادت کی عدم دستیابی اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے وعدوں کے باوجود طلبہ یونین پر پابندی برقرار رکھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی شیخ زید اسلامک سینٹر کے گرائونڈ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر طلبہ کے بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ طلبہ یونین پر پابندی ہٹائی جائے۔ طلبہ کو یونین سازی کا حق دیا جائے ، انہوں نے کہا کہ طلبہ کے بار بار مطالبوں اور مظاہروں کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ حکمران طبقہ یونیورسٹیوں کی نوجوان قیادت سے خائف ہے۔

تازہ ترین