کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جماعت اسلامی کی حق دو کراچی مہم اور کراچی بچاؤ تحریک سندھ حکومت کو متنازع بلدیاتی ترمیمی بل واپس لینے پر مجبور کر دے گی۔ شہری اداروں کو ان کے وسائل اور اختیارات کیلئے اور اہل کراچی کے حق کیلئے 31دسمبر کو سندھ اسمبلی پر دھرنا دیا جائے گا، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر پورے ملک میں بجلی کا ایک نظام بنایا اور نرخوں میں کمی کی جائے۔ 2013میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر بلدیہ کراچی کے 19محکمے سندھ حکومت کے حوالے کئے مزید 14محکمے سندھ حکومت نے ترمیمی بل میں لے لئے جب سب اختیارات سندھ حکومت کے پاس ہوں گے تو صرف نام کے میئر کا کیا فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔