• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی اجلاس پھر کورم کی نذر، سینیٹ میں سانحہ سیالکوٹ کیخلاف قرارداد منظور

اسلام آباد(کامرس رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے ) سینیٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمار کی سیالکوٹ میں پرتشدد ہجوم کی جانب سے ہلاکت کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور ، قائدایوان سینٹر شہزاد وسیم نے قرارداد پیش کی جس کے متن کے مطابق سری لنکا کے شہری پرپُر تشدد ہجوم کی جانب سے حملہ اور قتل شرمناک فعل ہے جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے، ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت معاشرے میں پرتشدد رحجان کے خاتمے کیلئے اقدامات اور فوری طور پر انتظامی ، قانونی اقدامات کرے ، نہ صرف پریا نتھا کمارا کے قتل میں ملوث مجرموں کو بلکہ ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات میں ملوث عناصر کو فوری سزا دی جائے۔قرارداد کی منظوری کے بعد حملے اور قتل پر تحریک التواء پر بحث کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ریاست انتہا پسند وں کے سامنے بے بس ہو چکی ہے، قتل کے پیچھے وہی سوچ اور وہی خودسری تھی جس کے سامنے چند دن پہلے حکومت نے ہتھیار ڈالے تھے، جماعت اسلامی کے سینٹر مشتاق احمد نے کہا کہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے اسلام کو داغ دار کرنے کی کوشش کی ہے، مجرموں کو نمونہ عبرت بنایا جائے فوری انصاف اور ٹرائل دیکر سخت سزا دی جائے، جب تک اسٹیبلشمنٹ مذہبی لسانی اور علاقائی انتہا پسندی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا نہیں چھوڑے گی تب تک انتہا پسندی ختم نہیں ہو سکتی، سینٹر نصیب اللہ نے کہا کہ ہم ہر بات میں ا سٹیبلشمنٹ کو ملوث کرتے ہیں ، ہم خود بھی تو کوئی کام کریں ، جے یوآئی ف کے سینٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ بعض ممبران نے واقعہ کو مذہبی انتہا پسندی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی لیکن مذہبی لوگ اس طرح کے واقعات نہیں چاہتے۔

تازہ ترین