مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈیلوں کی سونامی میں غرق عمرانی سیاست اپنے منطقی انجام تک پہنچ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ڈان تنہا ہے، مکر و فریب سے سزائیں دلوانے والا مافیا بے نقاب ہوچکا ہے، سسیلین لٹیرے خزانہ لوٹ کر کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ وقت کا انتقام ہے جس کی گرفت میں حکومتی ٹولہ جکڑا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نام لیے بغیر سابق وزیرِ اعظم مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف پر تنقید کی تھی۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جو وطن واپسی کے لیے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں بونے ہی رہیں گے۔