• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو شہید کی 14ویں برسی کل گڑھی خدا بخش میں منائی جائیگی

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی چودہویں برسی پیر کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی۔ برسی کے تمام انتظامات مزار کمیٹی اور پیپلز پارٹی نے مشترکہ طور پر مکمل کر لئے ہیں۔ ملک کے مختلف مقامات سے برسی میں شرکت کیلئے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ اتوار کی شام سے شروع ہو جائیگا۔ سرکاری طور پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت مختلف اعلی افسران نے متعدد بار اجلاس منعقد کرکے انتظامات کا جائزہ مکمل کر لیا ہے جبکہ سیکیورٹی سمیت مختلف امور کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ گڑھی خدا بخش آنے والے تمام راستوں کی ہنگامی بنیادوں پر پیوندکاری مکمل کر لی گئی ہے۔ برسی کے موقع پر فُول پروف سیکورٹی کو بھی آخری شکل دیدی گئی ہے اور گڑھی خدا بخش میں مرکزی پنڈال اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بنا دیا گیا ہے۔ مرکزی پنڈال کے ایک حصے میں پولیس کنٹرول روم قائم کردیا گیا جہاں ایس ایس پی سطح کا افسر نگرانی کا کام انجام دیگا۔ واک تھرو گیٹس کی تنصیب کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ داخلی دروازے مختص کئے گئے ہیں۔پیر کو برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں مرکزی تعزیتی جلسہ بھی تین بجے دوپہر منعقد کیا جائے گا جس سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری ، وزیراعلی سندھ سمیت مختلف رہنما خطاب کرکے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پیر کی صبح کارکن اپنی شہید رہنما کی قبر پر فاتحہ خوانی کرکے تجدید عہد وفا کرینگے۔ برسی کے دن مزار کے بیرونی حصے میں کارکنوں کی سہولت کے لئے عارضی بازار بھی قائم کیا جائے گا۔ برسی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے ضلع بھر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔ ان کیمپوں میں محترمہ بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں جبکہ تمام کیمپوں میں پیپلز پارٹی کے ترانے اور مقبول گیت چلائے جا رہے ہیں۔ جناح باغ چوک، ایس ایس پی چوک، لاہوری محلہ، مچھلی مارکیٹ، قافلہ سائے، باکرانی روڈ اور متعدد دیگر علاقوں میں قائم کیمپوں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

تازہ ترین