• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین ہاکی فیڈریشن کا چیمپئنز ٹرافی میں غیرمعیاری امپائرنگ کا نوٹس

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایشین ہاکی فیڈریشن نے حال ہی میں ختم ہونے والی ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں امپائرنگ کے حوالے سے تمام ٹیموں کی شکایت اور احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے مختلف میچوں کی ویڈیوز کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشین ہاکی کے حکام نے کہا ہے کہ کسی بھی ٹیم کے آفیشلز نے براہ راست کوئی تحریری اعتراضات داخل نہیں کئے ہیں مگر سوشل میڈیا پر اکثر ٹیم آفیشل نے امپائرنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو کھیل کی روح کے منافی ہے، مگر ہم پھر بھی جائزہ لیں گے کہ کہاں بہتری کی گنجائش ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ڈھاکا میں ختم ہونے والےٹور نامنٹ میں امپائرنگ کے معیار پر تمام ٹیموں نے تشویش کا اظہار کیا، جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ایونٹ میں ارجنٹائن کے امپائر گیبرل لیباٹے خاصے متنازع ثابت ہوئے جن کے فیصلوں پر تمام ٹیموں نے اعتراض اٹھائے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ ایکیمین نے سوشل میڈیا پر امپائرنگ کے بعد فیصلوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے بھارت کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ میں امپائرنگ کے فیصلے کی وڈیو بھی فیلڈ جیوری کو پیش کی ، انہوں نے پنلٹی اسٹروک نہ ملنے پر بھی احتجاج کیا، پاکستان کی ٹیم جنوبی کوریا اور بھارت کے خلاف امپائرز کے فیصلے کے باعث 20اور21 منٹ تک دس اور نو کھلاڑی سے میچ کھیلی، ٹور نامنٹ کے کچھ میچوں میں امپائرز نے اپنے ہی فیصلے کے خلاف ریوو لیا جس پر ٹیموں نے سخت احتجاج بھی کیا ۔

تازہ ترین