• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر نے میئر پشاور کا ٹکٹ 7 کروڑ میں بیچا

پشاور(گلزار محمد خان)خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں الزامات اور اندرونی اختلافات میں شدت آگئی ہے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی کے بھائی اور پارٹی رہنما ارباب محمد علی نے ایک ویڈیو میں گورنر خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر ہائیرایجوکیشن تعلیم پر میئر پشاور کا ٹکٹ 7 کروڑ میں فروخت کرنیکا الزام عائد کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے تاہم میئر پشاور کی نشست کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بنگش نے ٹکٹ کے عوض پارٹی قائدین کو رقوم دینے کی تردید کرتے ہوئے ارباب خاندان کو پارٹی کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا ہے اورکہا کہ کسی کو پیسے نہیں دیئے۔

گورنر نے ٹکٹ کے فروخت اور بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کے اسباب معلوم کرنے کیلئے انکوائری کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے ارباب محمد علی کے ویڈیو سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ناظم ٹاؤن تھری پشاور ارباب محمد علی خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ یہ اطلاعات ہیں کہ میئر پشاور کے ٹکٹ کے عوض گورنر خیبرپختونخوا نے 5 کروڑ اور صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے 2 کروڑ روپے لئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گورنر نے وزیراعظم عمران خان کو دھوکہ دے کر ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

اس لئے وزیر اعظم اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کریں اور جن جن لوگوں نے امپورٹیڈ امیدوار کو ٹکٹ جاری کیا ہے ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے غلط فیصلہ کیوں کیا؟

ارباب محمد علی کے جواب میں میئر پشاور کی نشست کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بنگش نے اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ میں اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں ایک ادنیٰ کارکن ہوں، مجھے پشاور کی میئر شپ کا امیدوار نامزد کیا گیا جو میرے لئے بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارباب محمد علی نے میئر شپ کے ٹکٹ کیلئے گورنر اور صوبائی وزیر کو رقوم دینے کے جو الزامات لگائے ہیں میں ان بے ہودہ اور بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید اور مذمت کرتا ہوں کیونکہ میں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے کسی کو کوئی رقم نہیں دی۔

رضوان بنگش نے کہا کہ وہ گزشتہ گیارہ سال سے تحریک انصاف کیساتھ وابستہ ہیں اور اس عرصہ کے دوران اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دی ہیں۔

تازہ ترین