• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر این ٹی آر کو اسٹار بنانے میں کس کا ہاتھ؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور اداکار جونیئر این ٹی آر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں مایوسی کا شکار ہوگئے تھے، ایسے میں ایس ایس راجامولی نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور یہی وجہ ہے کہ وہ آج اس مقام پر ہیں۔ 

جنوبی بھارتی فلموں کے نامور اسٹارز میں سے ایک جونیئر این ٹی آر المعروف تارک نے خود کو ابتدائی دنوں میں ایک ناتجربہ کار بچہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مایوس ہوگئے تھے۔ 

انہوں نے بتایا کہ فلم ساز ایس ایس راجامولی نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور وہ آج شہرت کی اس بلندی پر پہنچے ہیں۔ 

واضح رہے کہ جونیئر این ٹی آر نے ایس ایس راجامولی کے ساتھ 2001 میں اسٹوڈنٹ نمبر 1، 2003 میں سمہادری اور 2007 میں یاماڈونگا میں کام کیا تاہم اب وہ فلم آر آر آر میں بھی ساتھ ہیں۔ 

ایک انٹرویو کے دوران جونیئر این ٹی آر نے کہا کہ میں نے 17 سے 18 سال کی عمر میں ایس ایس راجامولی کے ساتھ ان کی کامیاب فلم میں کام کیا تھا۔ لیکن جب آپ اوپر کی جانب جارہے ہوں تو آپ اس کو کتنی دیر سنبھال سکتے ہیں؟ یقینی طور پر جب آپ تیزی سے اوپر جارہے ہوں تو نیچے بھی آتے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ ایسا ہی کچھ میرے ساتھ ہوا اور میں بھی اوپر جاتے ہوئے اچانک نیچے آگیا۔ اس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ میری فلمیں نہیں چل رہی تھیں بلکہ اس کی وجہ یہ تھی میں بطور اداکار تذبذب کا شکار تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُس لمحے مجھے یہ نہیں معلوم تھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے، کیونکہ 17 سال کی عمر میں آپ کو ہمیشہ نہیں معلوم ہوتا کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے؟ جب میں 26 سال کی عمر میں پہنچا تو میں نہیں جانتا تھا کہ میں کیا کررہا ہوں، میں تو کچھ اور کرنا چاہتا تھا۔ 

جونیئر این ٹی آر نے بتایا کہ یہ وہ لمحہ تھا جب میرے دوست راجامولی نے مجھے سنبھالا اور میرا ساتھ دیا جو آج تک دیتے رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ راجامولی نے مجھے خود کو جاننے اور پوچھنے پر مجبور کیا کہ آخر میں کرنا کیا چاہتا ہوں اور پھر اس وقت سے لیکر میں اپنی فلموں کی کامیابی سے تو مطمئن نہیں ہوسکا لیکن بطور اداکار میں مطمئن ہوں۔

تازہ ترین