کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ جب پی ایس ایل میں کیٹیگری کم کی گئی تو میں اپنی فرنچائز پر ناراض ہوگیا تھا لیکن ٹیم انتظامیہ نے منالیا۔ بدھ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری پلیئرکیٹیگری میں فرنچائز کا کوئی کردار نہیں تھا۔ کیٹیگری پی سی بی نے بنائی تھی، جس کی وجہ سے غلط فہمی ہوئی۔آئندہ پی سی بی کارکردگی دیکھ کر کیٹیگری بنایا کرے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ پشاور زلمی میں بہت عزت ملتی ہے اس لیے چھوڑنے کا نہیں سوچا، بچہ ناراض ہوجائے تو گھر چھوڑ کر نہیں جاتا، کامران اکمل بھی ہماری فیملی کا حصہ ہیں۔ معمولی غلط فہمی ہوگئی تھی جو دور کر دی ہے۔