پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو چونکا دیا، 235 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان نے رواں سیزن کی پہلی سنچری اسکور کی۔
رضوان 105 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انکی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
انکے علاوہ مائیکل بریس ویل 17 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کامران غلام 36، عثمان خان 17 اور شے ہوپ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، خوشدل شاہ اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں جہاں ایک موقع پر کراچی کنگز 79 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہوئی تو جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے اپنی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سلطانز سے یقینی جیت چھین لی۔
جینز ونس نے سنچری بناتے ہوئے 43 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔
دوسرے اینڈ پر موجود خوشدل شاہ نے 60 رنز بنانے کےلیے 37 گیندوں کا سامنا کیا۔ انکی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں ٹم سائفرٹ نے 32، ڈیوڈ وارنر نے 12، عرفات منہاس نے 10، عباس آفریدی نے 9 اور عرفان خان نے 5 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 وکٹیں لیں جبکہ مائیکل بریسویل اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کی قیادت ڈیوڈ وارنر کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز ونس، شان مسعود، ٹم سائفرٹ، عرفان خان، خوشدل شاہ، ایڈم ملن، عرافات منہاس، حسن علی، فواد علی اور عباس آفریدی شامل تھے۔
ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان تھے جبکہ انکے علاوہ شے ہوپ، عثمان خان، افتخار احمد، کامران غلام، مائیکل بریسویل، شاہد عزیز، ڈیوڈ ویلی، کرس جورڈن، اسامہ میر اور عاکف جاوید فائنل الیون کا حصہ تھے۔