• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے نکلنا کبھی اتنا مشکل نہ تھا، اس وبا نے دنیا میں بہت کچھ بدل دیا ہے۔ سفر سے پہلے ٹیسٹ بھی ضروری ہے۔ میں گزشتہ دو سال سے پابندیوں کی وجہ سے ملک میں پھنسا ہوا ہوں۔ جب حالات کچھ بدلے اور احباب نے یقین دلایا کہ سفر اب بھی وسیلہ ظفر ہے تو ایک اور ہجرت کا سوچا؎

کسی کو گھر سے نکلتے ہی مل گئی منزل

کوئی ہماری طرح عمر بھر سفر میں رہا

پاکستان سے کینیڈا ٹرانٹو کے لیے اب بھی پرواز براہ راست ہے اور سفر تقریباً 14گھنٹے کا ہے۔ روانگی سے چند گھنٹے پہلے ہی پی آئی اے کی طرف سے برقی پیغام ملا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز میں تاخیر ہے اور متوقع روانگی تین گھنٹے کی تاخیر سے ہوگی۔ لاہور ایئر پورٹ پر سابقہ حکومتوں نے بہت رقم لگائی جو نظر نہیں آتی۔ دوسرے ایئر پورٹ کے معاملات کو دیکھنے والا ادارہ سول ایوی ایشن بہت ساری خرابیوں کا مکمل ذمہ دار ہے۔ سہولتوں کا فقدان ہے اور مقامی عملہ نوکر شاہی کے سے طرز عمل کامظاہرہ کرتا رہتا ہے۔ سول ایوی ایشن کی معلومات تک مصدقہ نہیں ہوتیں۔

قومی فضائی ادارہ پی آئی اے خسارے کے باوجود اپنے وجود کو منوا رہا ہے اس کارخیر میں پی آئی اے کے چیئرپرسن ایئر مارشل ارشد ملک کا بڑا کردار ہے۔ ایئر مارشل ارشد ملک پاکستان ایئر فورس کے ان لوگوں میں شمار کئے جاتے ہیں جو کام اور کردار میں یکتا ہیں۔ پی آئی اے کو درست کرنے کے لیے انہوں نے بہت محنت اور مشقت کی ہے مگر لگ یہ رہا ہے کہ جیسے ہی پی آئی اے اور بہتر ہوئی تو آئی ایم ایف کے حکم کے مطابق اس کو فروخت کردیا جائے گا اور ہوسکتا ہے کہ خریدار کوئی بیرون ملک کا ساہوکار ہو۔ ہماری قومی جمہوریت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی سہولت کار ہے جو ملک کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے اور اس جمہوریت اور اس کے نظام نے معیشت کو تباہ برباد کرکے رکھا ہے۔ اس ساری صورت حال میں ارشد ملک کا نام پی آئی اے کے ساتھ ہمیشہ لیا جائے گا۔

پرواز کو صبح سات بجے کے قریب روانہ ہونا تھا مگر موسم اور دھند نے پروازوں کی روانگی بند کر رکھی تھی۔ پھر معلوم ہوا کہ پرواز دو بجے جائے گی۔ ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوا۔ بظاہر موسم صاف تھا مگر ایئر پورٹ کے گرد ونواح میں دھند نمایاں تھی۔ جب ایئر پورٹ کے قریب تک گئے تو ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر تھا اور ایئر پورٹ کی حدودسے ٹرمینل تک جانے میں بہت وقت لگ گیا، یوں لگ رہاتھا کہ پرواز روانہ ہو جائے گی اور اس وقت لاہور میں پی آئی اے کے اعلیٰ افسر ڈسٹرکٹ منیجر مقدم خاں نے بہت مدد کی۔ ان کی وجہ سے میں جلسہ نما ہجوم میں سے جگہ جگہ نعرہ مستانہ بلند کرکے کہ ’’کائونٹر بند ہو جائے گا، راستہ دو‘‘ میں کائونٹر تک رسائی حاصل کر چکا تھا۔ بورڈنگ بھی جلد مل گئے تو معلوم ہوا کہ پرواز میں مزید تاخیر ہے۔پرواز تقریباً گیارہ گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ دن بھر کی مشقت نے کافی تھکا دیا تھا۔ میری مشکل یہ ہے کہ دورانِ پرواز نیند بھی نہیں آتی۔ جہاز میں مسافروں کے لیے ٹی وی کا نظام حسب سابق بے کار تھا ایسے میں کتابیں ہی مدد کرتی ہیں۔ اور میرے مہربان اور مخلص دوست افضال احمد صاحب نے ایک دن قبل ہی اپنے ادارے سنگ میل کی تازہ ترین کتب دی تھیں۔ ان کتب میں ملتان کے شاعر اور منفرد کالم نگار کی کتاب ’’سفر کے زائچے‘‘ میری ہم سفر تھی اور اس نے میرا خوب ساتھ دیا۔

14گھنٹے اور چند منٹ کی طویل پرواز اب ٹرانٹو کے پیرسن ایئرپورٹ پر اترنے کی تیاری کر رہی تھی۔ مقامی موسم میں ٹھنڈ نمایاں تھی اور تند اور تیز ہوا بھی پرواز کومتاثر کر رہی تھی، پی آئی اے کے پائلٹ تجربہ کار اور ہنر مند لگے اور پرواز بہت ہی اچھے طریقے سے لینڈ کرگئی اس وقت مقامی وقت رات کے دس کا تھا اور بظاہر زیادہ رش نہیں تھا اور آمد کے حوالے سے سب کام خود کار مشینوں کے ذریعے ہو رہا تھا۔ اس وقت کچھ رش ضرور تھا مگر افراتفری نہ تھی جو میں اب پاکستان چھوڑکر آیاتھا۔ مشین نے خوش آمدید کہا اور میرے سفر کی معلومات لیں اور اندراج کے بعد ایک کاغذ مشین سے نکل کر میرے سامنے آگیا۔ اس کو لے کر میں باہر جانے والے راستہ پر آگیا وہاں ایک عملہ کے رکن نے کاغذ لیا اور مجھےبتایاکہ وبا کی وجہ سے تمہارے کاغذات درکار ہیں۔ وہ کاغذات اس کے حوالے کئے اور کچھ دیر کے بعد نوید سنائی گئی کہ میں اب باہر جاسکتا ہوں۔ سامان کے آنے میں کافی تاخیر ہوئی اور وجہ عملہ کی کمی تھی۔

میری بیٹی اور بیٹا دونوں ٹرانٹو میں مقیم ہیں۔ بیٹا کار سرکار کے لیے کام کرتا ہے اور اللّٰہ کا شکر ہے کہ آسودہ حال ہے، اس کی تابعداری میں کمی نہیں۔ میری بیٹی ہیومن ریسورس میں ٹریننگ ایگزیکٹو منیجر ہے۔ وہ دونوں ایئر پورٹ پر آئے ہوئے تھے۔ میر ی بیٹی نے بتایا کہ اسیر کینیڈا کے تقریباً چار ہزار ملازم ملازمت چھوڑ چکے ہیں ان کو فارغ کرنے کی وجہ یہ بنی کہ انہوں نے وبا کے لیے جو ویکسین لگائی جا رہی تھی اس کو لگوانے سے انکار کیا اور نوکری سے گئے۔

اب مجھے فیصلہ کرنا تھا کہ مجھے کس کی طرف جانا ہے۔ پھر یہ معلوم ہوا کہ وہ اگلے دن 5 دن کے لیے دبئی جا رہی ہے۔ اب مجھے فیصلہ کرنے کی آسانی تھی۔ سو میرا قیام اپنے بیٹے کی طرف ہوا۔ وبا کی وجہ سے ہر جگہ ماسک کا استعمال لازمی ہے اور لوگ بھی ماسک کے استعمال میں سنجیدہ نظر آئے جبکہ پاکستان میں ایسا کچھ نہیں۔ وہاں ہماری قسمت اچھی رہی اور پھر عمران خان کی سرکار نے کافی اچھے طریقے سے غریبوں کی مدد کی، جگہ جگہ لنگر خانے بھی نظر آتے ہیں مگر ان سے مستفید ہونے والے زیادہ نظر نہیں آتے۔ پھر بھی عمران خان کو مہنگائی اور معیشت کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔ اس وقت عمران خان سرکار کو سب سے زیادہ خطرہ آئی ایم ایف، ورلڈبینک اور امریکہ سے ہے اور یہ خطرہ ملک کے لیے بھی ہے۔ عمران خان کو جمہوریت فارغ کر سکتی ہے مگر ایسے میں پھر جمہوریت کو بھی رخصت کرنا پڑے گا اور ایسا نظام لانا ہوگا جو چین جیسے ملک کو بدل چکا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ ایسا نظام کس کی مدد سے آتا ہے؟

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین