کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارت اور سری لنکا نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے فیورٹ پاکستانی ٹیم بیٹنگ کی ناکامی کی وجہ سے ہار گئی۔ فائنل جمعے کو کھیلا جائے گا۔مسلسل تین گروپ میچوں میں بھارت،افغانستان اور متحدہ عرب امارات کو شکست دینے والی پاکستانی انڈر19کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں سری لنکاکے ہاتھوں شکست کاسامنا کرنا پڑا بیٹنگ لائن دھوکا دے گئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے صرف پانچ کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔سری لنکا انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو 22 رنز سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت انڈر 19 ٹیم نے بنگلہ دیش کو 103 رنز سے ہرادیا۔جمعرات کو آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے میچ میں 148 رنز کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی .احمد خان 36 اور محمد شہزاد 30 رنز بناکر پاکستان انڈر 19 ٹیم کے نمایاں بیٹر رہے۔ ان کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی تین کرکٹرز قاسم اکرم نے19، عرفان خان نے 13 اور ارحم نواب نے ناٹ آؤٹ 11 رنز بنائے۔سری لنکا انڈر 19 کے تریوین میتھیوز نے 4 جبکہ دونیتھ ویلالاگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سری لنکا انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو احمد خان، اویس علی اور ذیشان ضمیر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت حریف ٹیم کی ابتدائی 8 وکٹیں محض 70 کے اسکور پر گر گئیں۔