کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملیر سٹی پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث ٹک ٹاکرز کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ملزم فاضل نے تھرل کیلئے گھر کے باہر کھڑے شہری کو گولی ماری جو بعد میں جان لیوا ثابت ہوئی،واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ملزمان کو شناخت کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سعید احمد اور فاضل علی نے 23 دسمبر 2021 کو غازی چوک جعفر طیار میں شہری پر فائرنگ کی، دوران علاج زخمی شہری قمر رضا اگلے روز جاں بحق ہو گیا،پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائی کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی،گرفتار ملزمان کی عمریں 14 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش مزید دو ساتھیوں کے متعلق بھی معلومات فراہم کی ہیں۔ ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔