• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 31 دسمبر ، 2021

سال 2021، سوشل میڈیا پر کیا زیر بحث رہا؟

سال 2021 بھی اپنے اختتام کی جانب ہے، اس سال جہاں عالمی وبا نے نظامِ زندگی مفلوج بنایا وہیں پاکستانیوں نے اپنی تفریح کے مواقع سوشل میڈیا پر ڈھونڈے۔

بات مختصر ویڈیو سے راتوں و رات سوشل میڈیا اسٹار بننے کی ہو یا ملک بھر میں اچانک بجلی کی معطلی کو بھی تفریح کا ذریعہ بنانے کی، پاکستانی صارفین کا اس معاملے میں کوئی ثانی نہیں۔

یہاں سال 2021 کے ایسے ہی واقعات کا تذکرہ کیا جارہا ہے جو رواں سال سوشل میڈیا پر خوب زیر بحث آئے۔

پاور بریک ڈاؤن:

ملک بھر میں 9 جنوری 2021  ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جب اچانک ہی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تو وِیک اینڈ پر چھٹی کے مزے لینے والے سوشل میڈیا صارفین کی حسِ مزاح بھی جاگ گئی تھی۔

ملک گیر سطح پر ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر پاور بریک ڈاؤن، مارشل لا، بلیک آؤٹ جیسے ہیش ٹیگز گردش کرنے لگے تھے۔

صارفین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے نئے پاکستان میں ڈارک موڈ کا آپشن بھی رکھا ہے۔

انگریزی کا مذاق اُڑانے والی خواتین:

رواں سال کے آغاز میں اسلام آباد کے ایک ریسٹورنٹ کی دو خواتین مالکان نے اپنے مینیجر کی انگریزی کا مذاق اڑایا جس پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید ہوئی اور مینیجر راتوں رات خبروں کی زینت بن گیا۔

پاکستان کے  شوبز ستاروں نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ انگریزی کو ’کُول‘ اور اردو کو جہالت بنانے والے ہم ہی ہیں۔

بعدازں ریستوران کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم کے ایک رکن کے ساتھ ’ہلکی پھلکی گفتگو‘ کو لوگوں کی جانب سے غلط انداز میں لیے جانے پر افسوس اور حیرانی ہے۔

فروری میں کوہِ پیما علی سدپارہ کے لیے دعائیں:

پاکستانی کوہِ پیما علی سدپارہ موسم سرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے، یہ ٹرینڈ بھی سوشل میڈیا پر کافی گردش کرتا رہا۔

5 فروری کو لاپتا ہونے والے علی سدپارہ کے لیے ٹوئٹر پر دعائیں کی جارہی تھیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا جارہا تھا۔

بعد ازاں ساجد سدپارہ نے والد کے انتقال کی تصدیق کی تھی اور جولائی میں اُن کی لاش پہاڑوں پر ہی محفوظ کردی تھی۔

45 سالہ علی سدپارہ کو موسم سرما میں دنیا کی بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ کوہ پیمائی میں اپنی مہارت کی وجہ سے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔

وزیر تعلیم کی شہرت:

سال 2021 میں وزیر تعلیم شفقت محمود کی شہرت میں خوب اضافہ ہوا، کورونا وبا کے باعث اسکول کھلنے اور بند ہونے کے معاملے پر طلبہ نے وزیر تعلیم کے لیے خوب ٹرینڈز بنائے اور این سی او سی کے ہر اجلاس کے بعد وزیر تعلیم ٹرینڈ کرنے لگتے۔

فروری میں عالمی وبا کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے بند کیے جانے کے اعلان پر جو طلبہ وزیر تعلیم شفقت محمود کو ’بچوں کا وزیراعظم‘ قرار دے رہے تھے وہی اسکولوں کے معمول سے کھلنے کے اعلان پر نالاں دکھائی دیے۔

پاوری ہورہی ہے

 فروری میں ہی سوشل میڈیا پر چند سیکنڈز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نوجوان لڑکی ہاتھ میں کیمرہ پکڑے پہلے اپنے پیچھے کھڑی ایک گاڑی دکھاتی ہے، پھر اپنے چند دوست دکھاتی ہے اور ساتھ ساتھ ہی اپنے مخصوص لہجے میں کہتی ہے کہ ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری (یعنی پارٹی) ہورہی ہے۔‘

اس چند سیکنڈ کی ویڈیو نے دنانیر کو ایسی شہرت بخشی کے وہ آج ایک اداکارہ ، گلوکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار کے طور پر جانی جاتی ہے۔

نوجوان لڑکی یہ مختصر ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور لوگوں نے اس ویڈیو کی میمز بنانا شروع کر دیے جنہیں پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا۔

 پاکستانی اور بھارتی شہریوں کے ساتھ معروف شخصیات اس ٹرینڈ کا حصہ بنی تھیں، سیاستدان، اداکار، کرکٹرز بھی پاوری کے سحر میں  مبتلا ہوگئے تھے۔

قومی کرکٹر کی بھی پاوری ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی۔

میوزک بینڈ ’اسٹرنگز‘ کا خاتمہ

میوزک بینڈ اسٹرنگز کے ٹوٹنے کی خبر مداحوں پر کسی بم کی طرح گری، یہ بینڈ 1980 کی دہائی کے اختتامی سال کے دوران وجود میں آیا اور کالج کے دنوں سے ہی اس نے دھوم مچائی۔

’سر کیے یہ پہاڑ‘ سے لے کر ’سجنی‘ تک اسٹرنگز نے پاکستان کی سرحد سے نکل کر اپنا نام دنیا کے کونے کونے میں بنایا جہاں ان کے مداحوں کے دلوں میں ان کے سُر سرائیت کرگئے۔

اس بینڈ کے ٹوٹنے سے بہت سے موسیقی سے لگاؤ رکھنے والے پاکستانیوں کے دل بھی ٹوٹے، جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

لاہور کی یونیورسٹی میں شادی کی پیشکش کرنے والے جوڑے کی ویڈیو:

لاہور کی ایک یونیورسٹی میں ایک دوسرے کو کھلے عام شادی کی پیشکش کی تھی جس پر سوش میڈیا پر ایک ہنگامہ ہوگیا تھا۔

اس واقعے پر معروف شخصیات نے بھی اپنا تبصرہ پیش کیا تھا۔ بعد ازاں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ جوڑے نے شادی کرلی ہے۔

 لاہور کی نجی یونیورسٹی میں لڑکی اور لڑکے کو کھلے عام ایک دوسرے کو شادی کے لیے پروپوز کرنا مہنگا پڑ گیا تھا، ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ نے دونوں کو یونیورسٹی سے نکال دیا تھا۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ مرضی سے شادی ہر لڑکی کا بنیادی حق ہے، اسلام عورتوں کو جو حقوق دیتا ہے مرضی کی شادی ان حقوق میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔


ریپ سے فحاشی کو جوڑنے پر عمران خان کے مؤقف پر بحث:

وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون پرعوام سے براہ راست بات چیت کے دوران ملک میں زیادتی بڑھتے واقعات کے بارے میں کہا تھا  کہ جب آپ معاشرے میں فحاشی پھیلائیں گے تو جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا تھا زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت آرڈننس لائے ہیں، فیملی سسٹم کو بچانے کے لئے دین نے ہمیں پردے کا درس دیا، اسلام کے پردے کے نظریے کے پیچھے فیملی سسٹم بچانا اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنا ہے، جب آپ معاشرے میں فحاشی پھیلائیں گے تو جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوگا، یورپ میں اب فیملی سسٹم تباہ ہوچکا ہے، ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے میں نے صدرایردوان سے بات کی اور ترک ڈرامے کو یہاں لایا۔

عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، سوشل میڈیا صارفین کی اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے بھی ریپ سے فحاشی کو جوڑنے کے معاملے پر کہا تھا کہ مسئلہ کبھی بھی خواتین کےلباس کا نہیں رہا ہے۔

ہانیہ عامر کی ویڈیو اور ملالہ کا شادی اور پارٹنرشپ سے متعلق بیان:

 ہانیہ عامر کی عاصم اظہر سے تعلق ختم کرنے کی بات ہو یا اپنی چلبلی طبیعت کے باعث ساتھی فنکاروں سے چھیڑ چھاڑ ہو، ہانیہ عامر کو خبروں میں رہنے کا فن خوب آتا ہے۔

رواں برس جون میں ہانیہ عامر نے گلوکار و اداکار عاشر وجاہت کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آنے کے بعد وہ ویڈیو ڈیلیٹ کردی تھی۔

معاملہ نے اُس وقت طُول پکڑی جب اس ٹرینڈ میں ڈھکے چھپے عاصم اظہر نے بھی طنزیہ ردعمل دیا تھا۔

اسی ماہ کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی اس وقت خبروں میں آئیں جب انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بیان دیا کہ  شادی ہی کیوں ضروری ہے؟ پارٹنرشپ بھی ہوسکتی ہے۔

نوبیل انعام یافتہ سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی نے شہرہ آفاق فیشن میگزین ’ووگ‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انٹرویو میں ملالہ نے شادی کے سوال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی کہ شادی کرنا کیوں پڑتی ہے۔

فیصل قریشی کا لائیو شو پر ٹک ٹاکر کو ڈانٹنا

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی لائیو شو کے دوران ٹک ٹاکرز پر پھٹ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور ٹوئٹر پر فیصل قریشی کو سراہا جارہا تھا۔

نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے شو میں فیصل قریشی بطورِ میزبان اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ٹک ٹاکرز کے ساتھ سالگرہ کا گیت گانے میں مصروف تھے کہ مسکان نامی ٹک ٹاکر نے اپنی ساتھی کو تھپڑ مارنے شروع کردیے، ٹک ٹاکر کی اس حرکت پر فیصل قریشی آپے سے باہر ہوگئے اور شو چھوڑ کر چلے گئے۔

ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کا مینارِ پاکستان پر ہنگامہ :

اگست میں عائشہ اکرم نامی ایک ٹک ٹاکر نے مینار پاکستان پر مجمع کی جانب سے نوجوان لڑکی سے دست درازی اور زدوکوب کرنے کا ڈرامہ رچایا تھا جو ٹوئٹر کر زریعے ہی سامنے آیا۔

لاہور کی سیشن عدالت میں یہ کیس ابھی زیرِ سماعت ہے۔

ندا یاسر کی فارمولا کار سے لاعلمی:

ندا یاسر کے مارننگ شو کا ایک پرانا ویڈیو کلپ رواں برس ستمبر میں وائرل ہوا تھا جس میں وہ ندا نے فارمولا 1 ریسنگ کار بنانے والے، یونیورسٹی کے طلبہ سے کچھ سوالات کیے تھے۔

ندا یاسر کو فارمولا کار کے بارے میں معلومات نہیں تھی جس کی وجہ سے صارفین نے اس ویڈیو کلپ پر دلچسپ تبصرے کیے تھے۔