کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شادی ہی کیوں ضروری ہے؟ پارٹنرشپ بھی ہوسکتی ہے۔
نوبیل انعام یافتہ سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی نے شہرہ آفاق فیشن میگزین ’ووگ‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین نے پسند سے ارینج میرج کی تھی لیکن وہ خود اپنی شادی کے حوالے سے یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتیں کہ وہ شادی کریں گی بھی یا نہیں۔
انٹرویو میں ملالہ نے شادی کے سوال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی کہ شادی کرنا کیوں پڑتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ اگر آپ کسی کا زندگی بھر کا ساتھ چاہتے ہیں تو اس کیلئے نکاح نامے پر دستخط کیوں ضروری ہیں ، کیوں ایک پارٹنر کے طور پر نہیں رہا جاسکتا۔
واضح رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی برطانوی فیشن میگزین ووگ کے جولائی میں آنے والے ایڈیشن کے سرورق کی زینت بن گئیں۔
23 سالہ ملالہ نے ٹوئیٹ میں آنے والے میگزین کے سرورق کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ جب کسی لڑکی کا کوئی نظریہ ہو اور کچھ کرنے کی ہمت تو اس کے دل میں کتنی طاقت ہوتی ہے۔ اور مجھے امید ہے کہ جو بھی لڑکی یہ سرورق دیکھے گی وہ جان لے گی وہ بھی دنیا کو بدل سکتی ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے اپنی پوسٹ میں ’ووگ‘ میگزین کے علاوہ دیگر 15 ملٹی نیشنل اور نیشنل برانڈز کا خصوصی طور پر مصنوعات تیار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔