• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں با اختیار بلدیاتی نظام کا حامی ہوں، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب میں بااختیار بلدیاتی نظام کا حامی ہوں ۔

لاہور میں بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے پر دیے گئے پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پنجاب کے 58 ہزار بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بلدیاتی نمائندوں کے جائز آئینی حقوق کی جنگ لڑی، پی ٹی آئی نے 30 ماہ تک مقامی حکومتوں کے اختیارات کو غصب کیا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی نے7 ماہ تک بلدیاتی نمائندوں کو بحال کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ افسوس حکومت نے مفاد اور چھوٹے سیاسی فائدے کے لئے عوام کا بیڑا غرق کردیا، حکومت نے جمہوریت کے اہم درجے کی راہ میں روڑے اٹکائے۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی ادارے موجود ہوتے تو گورننس کے فقدان پر بھی بند باندھا جاسکتا تھا، بلدیاتی اداروں سے مہنگائی بھی ایک حد تک کنٹرول ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ کے لئے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کا علمبردار ہوں، اس کے لئے آئندہ بھی ہر فورم پر جدوجہد کرتا رہوں گا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایسے بلدیاتی نظام کا حامی ہوں، جس میں نمائندے مکمل بااختیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے مطالبے پر بلدیاتی قانون پر ایوان کی اسپیشل کمیٹی بنائی گئی، بلدیاتی قانون اور نمائندوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین