• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ امر مصدقہ و مسلمہ ہے کہ پاکستان میں،خاص طور پر ہماری مغربی سرحد پر، ہونیوالی دہشت گردی میں بھارت اور اس کے پشتیبان امریکہ اور اسرائیل ملوث ہیں۔ یہ اتحادِ ثلاثہ پاک چین اقتصادی راہداری کے قیام کی راہ بہر صورت روکنا چاہتا ہے۔ پاکستان بذریعہ ڈوزیئرز یہ سارے حقائق دنیا پر بھی عیاں کر چکا کہ کس طرح بھارت بلوچستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں اپنے دہشت گرد بھیجتا اور کس طرح کچھ پاکستانی علیحدگی پسند عناصر کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعرات کی رات جناح روڈ پر واقع سائنس کالج کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے کو بھارتی کارروائی کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے، جس کے نتیجے میں 4بےگناہ افراد جاں بحق اور 13زخمی ہو گئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت پھیلانے والے عناصر ہماری باہمت قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ بےگناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ کچھ عرصہ سے دہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ کےعلاقے قندھاری بازار، سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب، حب اور ہرنائی کے علاقے خوست میں ایسے واقعات ہو چکے ہیں۔ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز کے جانبازوں نے اپنی جانیں نچھاور کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائے، شاید اسی لیے سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گرد حملوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا، بلوچستان کے حالیہ واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہر نوعیت کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت اور مسلح افواج کو مل کر ایک مربوط حکمت عملی بنانا ہوگی۔

تازہ ترین