• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلال یاسین کا کامیاب آپریشن، حالت خطرے سے باہر


گزشتہ روز لاہور کے علاقے موہنی روڈ میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والے پاکستان مسلم لیگ نون کے رکنِ صوبائی اسمبلی بلال یاسین کا آپریشن مکمل ہو گیا جس کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایم ایس میؤ اسپتال ڈاکٹر افتخار کے مطابق بلال یاسین کی حالت تسلی بخش ہے، گولی لگنے سے بلال یاسین کی ہڈی متاثر ہوئی ہے، تاہم ان کا آپریشن کامیاب رہا ہے۔

نون لیگی ایم پی اے کا آپریشن کرنے والے آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر فیاض باجوہ نے بتایا کہ بلال یاسین 2 دن آئی سی یو میں رہیں گے، جس کے بعد ان کی وارڈ میں منتقلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بلال یاسین کو 2 گولیاں لگی ہیں، ایک گولی ان کے پیٹ کو چھو کر گزری، دوسری کولہے کے نیچے لگی، جس کا زخم گہرا تھا۔

ڈاکٹر فیاض باجوہ نے یہ بھی بتایا کہ بلال یاسین کا آپریشن جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا گیا، ان کے زخم بھرنے میں 6 سے 9 ماہ لگ سکتے ہیں۔

بلال یاسین پر حملے کا مقدمہ درج نہ ہو سکا

رہنما نون لیگ بلال یاسین پر فائرنگ کا مقدمہ تا حال درج نہیں ہو سکا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی نون لیگی ایم پی اے کی جانب سے تا حال کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس بلال یاسین کا بیان لینے کیلئے اسپتال پہنچ گئی

دوسری جانب بلال یاسین کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے پولیس اسپتال پہنچ گئی۔

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے نون لیگی ایم پی اے کا بیان بہت ضروری ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق بلال یاسین خود یا وکیل کے ذریعے بیان ریکارڈ کروا دیں تو آسانی ہو گی۔

لاہور پولیس نے بتایا کہ نون لیگی ایم پی اے پر حملے سے متعلق سی سی ٹی وی ویڈیو سے مدد لی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے بلال یاسین کو گزشتہ رات ان کے حلقے میں فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد بلال یاسین کو میؤ اسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز نے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی تھی۔

واقعے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی تھی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی تھی کہ بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

قومی خبریں سے مزید