پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی ترجمان اور سینئر رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان کو صدمہ ہے کہ سندھ میں کینسر کا مفت علاج ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ سندھ میں کینسر، دل، گردوں اور جگر کا مفت علاج ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے لوگ مفت علاج کے لیے سندھ آتے ہیں، عمران خان ہمارے اسپتالوں کو دشمن کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کو صدمہ ہے کہ سندھ میں کینسر کا مفت علاج ہوتا ہے، پی ٹی آئی صحت کارڈ سے کینسر، دل، جگر، گردوں کی ادویات نہیں ملتیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران کورونا فنڈ کے 40 ارب کا حساب دیں، خیبرپختونخوا میں عوام گیس کے لیے فریاد کر رہے ہیں، اب تو وزراء بھی وزیر توانائی کی نالائقی پر احتجاج کر رہے ہیں۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کراچی میں تفریح کر رہے ہیں۔