• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کے غیرملکی دوروں پر صرف متعلقہ لوگ ساتھ گئے، علی محمد خان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ غیرملکی دوروں پر صرف متعلقہ لوگ گئے، ماضی میں نواز شریف کتنے لوگ لے کرجاتے تھے سب کو پتہ ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے پوچھا کہ بتایا جائے وزیراعظم نے اپنے دور میں ابھی تک کتنے ممالک کے دورے کیے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ کون کون کس حیثیت میں دوروں پر گیا، غیرملکی دوروں کے دوران کروڑوں خرچ ہوئے اس کے کیا فوائد ہیں؟

سینیٹر مشتاق احمد نے سوال اٹھایا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران درجنوں افراد کس حیثیت سے ساتھ گئے؟

اس پر جواب دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکمران غیرضروری لوگوں کو ساتھ لے جارہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں صرف متعلقہ لوگ ساتھ تھے۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں ملک کی خارجہ پالیسی مضبوط ہوئی، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں تاریخی تقریر کی۔

پی ٹی آئی سینیٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ یو این میں ہوئی اس تقریر میں اسلاموفوبیا پر کھل کر بات کی، کشمیریوں کا مقدمہ عالمی فورم پر پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ غیرملکی دوروں پر صرف متعلقہ لوگ گئے، ماضی میں نواز شریف کتنے لوگ لے کرجاتے تھے سب کو پتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کیسے پرائیویٹ لوگوں کو وزٹ کرواتے تھے، اپنا علاج یہ بیرون ملک کرواتے تھے، ان کا اپنا سارا خاندان سرکاری خرچ پر دورے کرتا تھا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ 3 سال کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیل ایوانِ بالا میں پیش کی جانی تھی تاہم تفصیلات ایوان کو فراہم نہ کرنے پر اپوزیشن نے واک آؤٹ کردیا۔

سینیٹر کہدہ بابر نے کورم کی نشاندہی کردی جس کے بعد پانچ منٹ کے لیے ایوان میں گھنٹیاں بجائی گئیں۔

قومی خبریں سے مزید