نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ، وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے کیسز بڑھ رہے ہیں، ان کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، لاک ڈاؤن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اومی کرون کے بڑھتے کیسز پر سرابرہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے جو پابندیاں عائد کی تھی ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات سخت کئے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ غلط فہمی میں نہ رہیں، یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ اومی کرون ہو گیا تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اومی کرون تیزی سے پھیلتا ہے، مگر اتنا مہلک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن لازمی کروائیں، پاکستان میں بھی اومی کرون کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ماہرین کے مطابق اومی کرون تیزی سے پھیلتا ہے مگر خطر ناک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں میں جنوبی افریقہ میں اومی کرون کیسز کی تعداد 25 ہزار ہو گئی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اومی کرون کے کیسز کا امریکا میں 92 فیصد اور برطانیہ میں 134 فیصد اضافہ ہوا ہے۔