• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: آج شام گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی


محکمۂ موسمیات کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے بعد شہر میں سردی میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں آج شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید شدت کے ساتھ بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے، جس کی وجہ سےکراچی میں مطلع مکمل ابر آلود ہے، جبکہ آج دن میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت شہرِ قائد میں شام یا رات میں معتدل بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بارش سے قبل تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں کل دوپہر تک وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے، جمعے کو مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا۔

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں 8 جنوری سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا اگلا سلسلہ 16 یا 17 جنوری کو بلوچستان پر پھر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 11 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 1 روز قبل ہونے والی بارش کے بعد شہر کا موسم سرد ترین ہو چکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید