ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جھوٹی تقریروں اور ٹوئٹس کی بجائے استعفیٰ دیں۔
ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب قوم کو آپ کے بے تکے بھاشن اور جھوٹ نہیں استعفیٰ چاہیے، آپ کو آج غیرقانونی فارن فنڈنگ کا جواب دینا تھا، سڑکوں پر ٹوئٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو سڑکیں اور موٹرویز نواز شریف بنا گئے وہ کسی وزیر اعظم نے نہیں بنائیں، جھوٹی ٹوئٹس کرکے نہ سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی فارن فنڈنگ کا ڈاکا چھپتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم کو بتائیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی تلاشی میں آپ چور ثابت ہوئے ہیں، آپ نے کن غیرملکی کمپنیوں اور افراد سے کتنے ڈالر کھائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2.2 ارب روپے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں، استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں، بتائیں کتنے اور کون سے غیرملکیوں سے کتنی غیرملکی اور غیرقانونی فنڈنگ لی، غیرقانونی، غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں کیوں جمع نہیں کروائی۔
ترجمان نون لیگ کا کہنا تھا کہ سات سال الیکشن کمیشن سے کیوں مفرور رہے، آج تک فارن فنڈنگ کی کوئی معلومات نہیں دیں، عمران صاحب آپ نے سڑک بنائی کون سی ہے جسے سستی بتا کر نیا جھوٹ بول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جواب دیں فارن فنڈنگ لے کر ملک کو معاشی اقتصادی اور خارجی سطح پہ مفلوج کیا۔