• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ


مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی فوری طور پر مستعفی ہو، انہیں استعفیٰ دے کر فارن فنڈنگ کی آزادانہ تحقیقات کا موقع دینا چاہیئے۔

 احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اسٹیٹ بینک کی سالمیت ختم کررہی ہے، ہر پاکستانی اسٹیٹ بینک کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے، عمران نیازی نے اپنی حکومت بچانے کے لئے اسٹیٹ بینک کو گروی رکھ دیا ہے، یہ ایجنڈا فارن فنڈنگ کرنے والوں کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی افغانستان میں مداخلت کی مخالفت کرنیوالا نیٹو کنٹریکٹر سے چندہ لیا کرتا تھا، عمران نیازی کا میک اپ والا چہرہ اترا ہے تو فنڈنگ لینے والا چہرہ سامنے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا صادق و امین اسے کہا جاتا ہے جو جھوٹے بیانات الیکشن کمیشن میں دیتا ہے، یا اسے کہا جاتا ہے جو بیرون ملک سے چندہ لیتا ہے اور خرچ کرتا ہے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد عمران نیازی کا بیٹھنا ایک سوال ہے، کمپیوٹر آپریٹر اور چپڑاسیوں کے نام پر پیسے منگوا کر کھائے گئے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ قوم کے ساتھ فراڈ کرنے والے کا احتساب کیا جائے۔

لیگی رہنما احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ نہ ڈیل کررہے ہیں، نہ ڈیل کرنا چاہتے ہیں، منی بجٹ اور اسٹیٹ بینک بل ملکی مفاد میں نہیں ہے، 1998ء میں اسٹیٹ بینک کو اپنے کام کی خودمختاری دے دی گئی ہے، اس ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔

رہنما نون لیگ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کی تفصیلات اسٹیٹ بینک کے پاس ہے، عمران نیازی یہ قانون پاس کر کے گورنر اسٹیٹ بینک کو خوش کرنا چاہتا ہے، عمران نیازی گورنر اسٹیٹ بینک سے این آر او لینا چاہتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کا سودا نہیں ہونے دیں، ہم اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر کے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ نون آئین اور قانون کی بات کرتی ہے، ہماری ڈیل عوام کے ساتھ ہے، پہلے کہہ چکے ہیں کوئی ڈیل نہیں کی، ڈیلوں کی سیاست نے ملک کو یہاں تک پہنچایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید