• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو جب آنا ہوگا، خود اعلان کریں گے، رانا ثناء اللّٰہ

مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جب آنا ہو گا تو وہ خود اعلان کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے انہیں کہا ہے کہ وہ اپنا علاج مکمل کرا کر واپس آئیں، بچے بچے کو پتا ہے کہ ان کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ادارے یا اسٹیبلشمنٹ سے کسی ڈیل کی گفتگو میں شامل نہیں، نواز شریف ڈیل کرنے، ڈیل کی گفتگو یا کسی تحریک کا حصہ بننے کو تیار نہیں، انہوں نے اداروں کو حدود میں رہ کر کام کرنے کا سیاسی بیانیہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پنڈی میں کوئی ملاقاتیں نہیں ہیں، شہباز شریف قطعاً کسی ڈیل یا سازش کا نہ حصہ تھے نہ ہیں نہ بننے کو تیار ہیں، ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے، کسی بھی سیاسی جماعت کو کسی صوبے، شہر میں مضبوط کرنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی تائید کرتا ہوں اور یقین رکھتا ہوں، اگر یہ بات ہے تو اسی طرح سے ہے، غیب کا حال اللّٰہ کی ذات جانتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کا وزیراعظم میاں نواز شریف ہی ہے، رکاوٹیں، قدغنیں دور ہوجائیں گی اور وہ چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وہ بات صحیح ثابت ہونے جارہی ہے جو مولانافضل الرحمٰن کرتے ہیں، کہ یہ آدمی کسی غیرملکی ایجنڈے پر ہے اور ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، انہوں نے انسانیت کے نام پر فنڈز اکٹھے کر کے خوردبرد کیا ہے، لوگوں کو آٹے، چینی اور ادویات کی مد میں لوٹا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ توشہ خانہ کی 10کروڑ مالیت کی گھڑی فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اب وہ تلاشی بھی نہیں دے رہے، ان لوگوں نے عوام کی جیب سے پیسہ نکالا ہے، ادویات، چینی اور آٹا کی مد میں لوگوں کو لوٹا ہے، دس کروڑ مالیت کی گھڑی فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے، اب تلاشی نہیں دے رہے۔

رہنما نون لیگ کا کہنا تھا کہ ملک دشمن کمپنیوں سے فنڈنگ اکٹھی کی ہے، انہیں ٹھیکے بھی دیئے جارہے ہیں، چندے بھی لئے جارہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ لوگ اسے گریبان سے پکڑ کر نکالیں، لوگوں کو چور چور کہا اور اب خود چور ثابت ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کی کرپشن لوگوں کے سامنے عیاں ہوگئی ہے، اس کا گریبان ہوگا اور لوگوں کا ہاتھ ہوگا، اس کے پاس ملک پر مزید مسلط رہنے کا جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو آئینی حدود میں رہنا چاہئے، کوئی غلطی کا اعتراف کرے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہوگی، ریکارڈنگ کرنے کی استعداد ایجنسیاں رکھتی ہیں، پرائیویٹ گفتگو کو ریکارڈ کرنا جرم ہے، ٹیپ حکومت نے وائرل کی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پرویز رشید صاحب بہت ہی شریف النفس آدمی ہیں، انہوں نے کہا کہ کتے بھونکنے کیلئے بٹھائے ہیں، یہ ہماری محاورتی زبان ہے۔

قومی خبریں سے مزید