اوکاڑہ (نمائندہ جنگ) لاہور میں شادی کی ایک تقریب میں سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور سید یوسف رضا گیلانی کی جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا جو دھرنا چل رہا ہے اسے ختم کروانے کے لئے آپ اور جماعت کی مرکزی قیادت کردار ادا کرے،جس پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی تو جمہوری جماعت ہونے کی دعویدار ہے،بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کو دھرنے والوں سے بات چیت کرنی چاہیے۔ بلدیاتی معاملہ صوبائی ہے ، مطالبات پر اقدامات کے بعد جماعت اسلامی کراچی اور سندھ کی قیادت ہی فیصلہ کرے گی۔رابطہ کرنے پر لیاقت بلوچ نے تصدیق کی کہ شادی کی تقریب میں سرسری بات ہوئی تھی اگر کراچی میں پیپلز پارٹی غلطی پر غلطی کر رہی ہے اور وہاں پر سیاسی خلا ہے تو اسے جماعت اسلامی کیوں پر نہیں کر سکتی۔