وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ستارہ مارکیٹ میں پہلے احساس ون ونڈو آفس کا افتتاح کر دیا۔
احساس ون ونڈو آفس کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وزیرِ صنعت و پیداوار خسرو بختیار، وزیرِ مملکت فرخ حبیب، وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی اور وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی شرکت کی۔
لوگوں کی عزت کیلئے احساس ون ونڈو قائم کی: اسد عمر
وفاقی وزیر اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی عزت و احترام کو دیکھتے ہوئے احساس ون ونڈو قائم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس ون ونڈو میں آپ کو ہر سہولت دی جا رہی ہے، بچیوں کے لیے زیادہ وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بچوں کے لیےاتنی اسکالر شپس کر د ی ہیں کہ طالب علموں کو خود پتہ نہیں۔
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک بھر میں 37 سو یوٹیلیٹی اسٹورز پر راشن کارڈ شروع کر دیا گیا ہے۔
ثانیہ نشتر نے کیا کہا؟
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ون ونڈو کا پہلا سینٹر اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس سروے اب مکمل ہو گیا، باقی رہ جانے والے یہاں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت غذائی کمی کے شکار بچوں کے لیے خوراک اور کیش بھی دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب تک احساس تعلیمی وظائف کے تحت 60 لاکھ بچے تعلیمی اداروں میں داخل ہو چکے ہیں۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ احساس راشن رعایت کے تحت کریانہ مالک اور یوٹیلیٹی اسٹورز رعایت دیں گے۔
ثانیہ نشتر نے یہ بھی کہا کہ یکم مارچ سے احساس پروگرام کی 12 ہزار والی رقم 13 ہزار ہو جائے گی۔
احساس پروگرام پر خسرو بختیار کا اظہارِ خیال
خسرو بختیار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ 37 سو یوٹیلیٹی اسٹورز پر لوگوں کو اشیاء دی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ احساس پروگرام کے تحت کم آمدن والے افراد کو کم قیمت پر اشیاء ملیں گی۔