• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ہمیشہ آپ کے احسانات کی مقروض رہے گی، محسن نقوی کا سرفراز کو خراج تحسین

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرفراز احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ آپ کے احسانات کی مقروض رہے گی۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔

محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کیلئے سرفراز احمد کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور سابق کپتان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ بھی دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے  سرفراز احمد کے مسقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ آپ نے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے، آپ نے پاکستان کرکٹ کو کامیابیوں سے سرفراز کیا ہے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ آپ کے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ جاری رکھے گی۔ 

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔

انہوں نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی۔ انہی کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی تھی، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی۔

سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔ حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید