وفاقی وزیر حماد اظہر نے بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ باتیں تو ایسے کررہے تھے جیسے یہ دودھ اور شہد کی نہریں بہا کر گئے تھے۔
حماد اظہر نے بلاول بھٹو کی حکومت پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ادوار میں معیشت دیوالیہ کردی تھی، صحت سہولت کارڈ ان کو اچھا نہیں لگے گا کیونکہ یہ ٹی ٹی کا متبادل نہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار نون لیگ کے دور سے دگنی ہوگئی ہے، ہم سندھ پر یوریا کی اسمگلنگ کا الزام نہیں لگا رہے بلکہ ذخیرہ اندوزی کا لگا رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے جتنے ٹیکسوں کا ذکر کیا ان میں سے 90 فیصد ریفنڈ ہوجائیں گے۔
حماد اظہر نے شہباز شریف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے کل ہماری حکومت کو منحوس کہا، ہمارے کسی لیڈر کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تحمل سے اپوزیشن ارکان کی تقریریں سنیں، ہم بولنے لگیں تو ان کا حوصلہ جواب دے دیتا ہے، یہ اپنی بات کر کے چوروں کی طرح بھاگ جاتے ہیں، اب دیکھیں کس طرح شرمندہ ہوکر اپوزیشن واپس ایوان میں آرہی ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو صدی کا بحران قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ منی بجٹ میں ٹیکسز کا سونامی لایا جارہا ہے، منی بجٹ لانے کے بعد آپ عوام میں نہیں جاسکیں گے، کے پی کے عوام نے تھوڑا ٹریلر دکھایا ہے۔