• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز و حمزہ کی حفاظتی ضمانت منظور، کیس کا چالان FIA کو واپس


لاہور کی بینکنگ جرائم کی عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کا چالان ایف آئی اے کو واپس کر دیا جبکہ شہباز و حمزہ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے چالان متعلقہ عدالت میں جمع کرائے، ایف آئی اے چالان کا دائرہ اختیار بینکنگ کورٹ نہیں۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 7 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور انہیں متعلقہ عدالت میں درخواستِ ضمانت دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

اس سے قبل لاہور کی بینکنگ جرائم کی عدالت نے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے نے بینکرز کے رول کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔

حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔

عدالت نے چالان کے بعد عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ کیا۔

ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کوئی بینکر بھی اس جرم میں ملوث نہیں پایا گیا۔

بینکنگ کورٹ کے جج نے سوال کیا کہ اگر یہ کیس کسی اور عدالت میں چلے گا تو درخواستِ ضمانت کا کیا ہو گا؟

حمزہ و شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس صورتِ حال میں ضمانت کی درخواستیں بھی دوسری عدالت میں منتقل ہو جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید