فیصل آباد ( نمائندہ جنگ) پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے 9بج کر 15منٹ پر خطاب شروع کیاجبکہ ان کے خطاب سے پہلے پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے اپنی تقریر میں مسلم لیگ ’’ن‘‘ کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ کسانوں کو نہ تو باردانہ مل رہا ہے اور نہ ہی گند م کی قیمت مل رہی۔ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں جبکہ صنعتیں بند ہوچکی ہیں ۔ کسان اس قدر بدحالی کا شکار ہیں کہ سڑکوں پر دھرنے دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اپنے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے ایک کسان سڑک پر ہی جان کی بازی ہا ر گیا مگر ا س باوجود حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ 23مئی کو کاشتکاروں کے ہمراہ چیئر نگ کراس لاہور میں دھرنا دیا جائے گا جس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام قائدین شرکت کریں گے ۔ انہو ں نے کہا نوازشریف حکومت کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں اس لئے انہیں مستعفی ہو جانا چاہئے ۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران گونواز گو کے نعرے بھی لگوائے۔