• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف لندن میں سب سے مہنگی پراپرٹی پر بیٹھے ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن میں اس وقت سب سے مہنگی پراپرٹی پر بیٹھے ہیں، ان کے بھائی یہاں پر ہیں، ایک پوری لین وہاں پر شریف فیملی اون کرتی ہے۔

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب اپنے پاؤں میں دم نہ ہو اور کسی اور کے کندھوں پر آپ کو کھڑا ہونا پڑے تو یہ سیاست نہیں ہوتی، تینوں پارٹیوں میں آپس میں اتنی بد اعتمادی ہے کہ ہر پارٹی سوچتی ہی کہ میں آنکھ جھپکوں اور دوسری پارٹی ڈیل کر لے۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ میں ریس لگی ہوئی ہے، چار بڑے لیڈر جب کسی سے ملنے گئے تو کہا کہ نواز شریف نے ملک کے ساتھ برا کیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا کہنا کہ حکومت نے صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی صحت کا ذمہ لے لیا ہے، صحت کارڈ سے ہر خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا علاج کرا سکتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا سلسلہ کے پی میں شروع کیا گیا ہے، عوام کو اچھے علاج اور اچھے اسپتال سے غرض ہے، صحت کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا گیا ہے، ہیلتھ کارڈ سے سب سے زیادہ فائدہ تنخواہ دار اور مڈل کلاس طبقے کو ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی یہ کارڈ قابلِ استعمال ہوگا، صحت اور تعلیم کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت کے بغیر فائدہ نہیں، سندھ حکومت کو ایک بار پھر کہتے ہیں کہ صحت کے پروگرام میں حصہ ڈالے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ صحافیوں کو وزیرِ اعظم ہاؤسنگ اسکیم میں بھی شامل کر رہے ہیں، ڈیجیٹل میڈیا آہستہ آہستہ ٹیک اوور کر رہا ہے، 12 ارب کے اشتہارات صرف ڈیجیٹل میڈیا کو مل رہے ہیں، فائیو جی انٹرنیٹ ایک انقلاب ہے۔

قومی خبریں سے مزید