عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کرسی کے پجاری رہنما کارکنوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
چارسدہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایمل ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج میں پنجاب کے کارکنوں کی عدم شرکت نے سوال اٹھادیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کارکنوں کو گرم میدان میں چھوڑ کر بھاگ گئی، پختون قوم کو یہ ٹولہ اپنے ذاتی مفادات کےلیے استعمال کر رہا ہے۔
اے این پی سربراہ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردوں کے لپیٹ میں ہے اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور احتجاج پر ہیں، وہ ریاست کو ریاست سے لڑا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو کرم پارا چنار میں لگی آگ نظر نہیں آرہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج مسئلے کا حل نہیں۔
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد احتجاج میں جاں بحق کارکنوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دینا خلاف قانون ہے، پی ٹی آئی قیادت نہیں چاہتی کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے نکل آئے۔
انہوں نے کہا کہ کرسی کے پجاری پی ٹی آئی کے جذباتی کارکنوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، احتجاج میں پنجاب کے کارکنوں کی عدم شرکت سوالیہ نشان ہے۔