مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان دین اسلام، اس کی مقدس اصلاحات کا ناجائز فائدہ اٹھانےکی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان مذہبی ایکسپلوئیٹر ہیں۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے مضمون پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الزام، بغض، نفرت، عدم برداشت، جھوٹ کا مجسمہ ڈھٹائی سے مضمون لکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کا مضمون لکھنا اس چورکی مانند ہے جو چوری پکڑے جانے پرمسجد میں چھپ جائے، لوٹ مار، نالائقی اور نااہلی میں ڈوبا شخص اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے درس نہ دے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین سال میں عمران صاحب نے ہر قدم پر ریاست مدینہ کے اصولوں اور روح کی نفی کی، جس کے قول و فعل میں تضاد ہو وہ مدینہ کی ریاست پر درس دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کی بات کرنے والا چار سال سے اپنے ہر کیس سے مفرور ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ قوموں کے عروج و زوال کا عمل، تہذیبوں کے عروج و زوال سے مختلف ہو تا ہے۔
قومیں بیرونی حملوں کا ہدف بنتی ہیں،داخلی سطح پرشکست وریخت سے گزرتی ہیں مگر تہذیبوں کا معاملہ یہ نہیں ہے۔ تہذیبوں کو باہرسے کوئی نہیں مار سکتا،وہ صرف خود کشی کرتی ہیں۔
ہر قوم کا جوہر، اس کے روحانی اصول ہیں۔جب یہ اصول مر جاتے ہیں،قومیں مردہ ہو جاتی ہیں۔
مسلم تہذیب میں،ہماری روحانی اصولوں کا ظہور،ریاستِ مدینہ کی صورت میں ہوا ، جو اللہ کے رسول محمدﷺ نے قائم فرمائی۔