وزیر داخلہ شیخ رشید سے برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان برطانیہ دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں سزا یافتہ شہریوں کی واپسی اور مجرمان کی حوالگی کیلئے پاک برطانیہ معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پاک برطانیہ دوطرفہ معاہدوں کوجلد حتمی شکل دینے اور جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا، معاہدے دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہیں۔
شیخ رشید اور کرسچن ٹرنر میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ معاہدوں پر پیشرفت تیز کرنے کی ضرورت ہے، باہمی معاہدوں سے تعلقات میں مزید وسعت اور مضبوطی آئے گی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں بہت معاون ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات انتہائی دوستانہ اور ہمہ جہت ہیں، پاکستان کی افغانستان سے غیرملکی اور افغان شہریوں کے انخلا میں معاونت قابل ستائش ہے۔