• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او آئی سی سی آئی، انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس نتائج کا اعلان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اوآئی سی سی آئی نے 2021کے اپنے تازہ ترین انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس (IPR)سروے کے اہم نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ سروے میں مجموعی طور پر37فیصد جواب دہندگان نے نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ آئی پی آرسے متعلق تنازعات کو حل کرنے میں 1سے3سال جبکہ 22فیصد کے مطابق 5سال کا عرصہ لگتا ہے۔ جواب دہندگان نے آئی پی آر کی خلاف ورزی پرہونے والے معمولی جرمانے اور اس کی روک تھام کیلئے ناکافی اقدامات ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔سروے کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آئی پی آر ٹریبونل مکمل طور پر فعال نہیں ہیں اور اوآئی سی سی آئی کے تمام ممبران آئی پی آر کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کیلئے اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہیں۔ تاہم تمام آئی پی مالکان پاکستان میں بہتر آئی پی آر نظام کیلئے حکومتی اہلکاروں کے ساتھ بہتر شراکت کے خواہاں ہیں۔یہ سروے پاکستان میں دانشورانہ املاک کے تحفظ کی حالت اور قوانین پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ سروے کے مطابق کاپی رائٹس، پیٹنٹ اور ٹریڈ مارک پر مشتمل آئی پی آر کا موئثر تحفظ ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے اہم ہے۔